سونی الیکٹرونکس نے اپنے نئے ویڈیو گیم کونسول پلے سٹیشن فائیو کو متعارف کرواتے ہوئے اسے 'ویڈیو گیمز کا مستقبل' قرار دیا ہے اور سوشل میڈیا پر صارفین پھولے نہیں سما رہے۔

جمعرات کی شب منعقد ہونے والی تقریب میں، جو کہ دنیا بھر میں لائیو سٹریم ہوئی تھی، سونی کمپیوٹر انٹرٹینمٹ کی جانب سے اپنی نئی تخلیق پر سے جب پرداہ اٹھایا گیا تو کئی لوگ ششدر رہ گئے۔

پی ایس فائیو کے بارے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کے دو ماڈل دستیاب ہوں گے: ایک سادہ پی ایس فائیو اور ایک 'ڈیجیٹل' پی ایس فائیو، جس میں گیم کی سی ڈی یا ڈسک نہیں لگے گی اور اس پر مکمل طور پر انٹرنیٹ کے ذریعے ہی گیمز ڈاؤن لوڈ کر کے کھیلی جا سکیں گی۔

امید کی جا رہی ہے کہ اس سال کے اختتام سے پہلے ہی پی ایس فائیو لانچ کر دیا جائے گا۔ اس کے آس پاس ہی حریف کمپنی مائیکرو سافٹ کا نیا ’ایکس باکس سیریز ایکس‘ کونسول بھی لانچ ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا ویڈیو گیم کھیلنا مراقبہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے؟

ویڈیو گیمز کی تاریخ کے 10 لذیذ ترین کھانے کون سے ہیں؟

جوا، شراب اور ویڈیو گیمز: انسان کو کسی چیز کی لت کیوں اور کیسے لگتی ہے؟

نئے کونسول کا ڈیزائن بھی منفرد ہے اور پہلے کے برعکس سفید رنگ میں متعارف کروایا گیا ہے۔ جہاں یہ کئی صارفین کو بھایا تو وہیں کچھ لوگوں نے اسے پرانے زمانے کے کمپیوٹر موڈیم نما قرار دے دیا۔

لائیو سٹریم میں کونسول کے مختصر تعارف کے بعد اس کے لیے ڈیزائن ہونے والی مختلف گیمز کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ ان میں سے اکثر گیمز کا تعارف کروانے کے لیے گیم تشکیل دینے والے ٹیم کا کوئی رکن سکرین پر آ کر صارفین کو اپنی تخلیق کے بارے میں بتاتا، جس کے بعد گیم کا ایک مختصر ٹیزر چلایا جاتا۔

پلے سٹیشن فائیو پر ریلیز ہونے والی گیمز

گرینڈ تھیفٹ آٹو فائیو 2021 میں ریلیز ہوگی لیکن کونسول کے ساتھ اس گیم کا آن لائن ورژن مفت ہوگا۔

سپائڈر مین کی نئی گیم میں سپائڈر مین کے روپ میں روایتی ہیرو پیٹر پارکر کے بجائے ان ٹو دی سپائڈر ورس میں متعارف ہونے والے مائلز مورالس مرکزی کردار ہوں گے۔

'ریٹرنل' ایک خاتون خلا باز کی کہانی ہے جو ایک نامعلوم سیارہ پر کریش کر جاتی ہیں اور انھیں وہاں سے نکلنے کی کوشش کرنی ہے۔

'سیک بوائے: اے بگ ایڈونچر' ایک تھری ڈی گیم ہوگی جس میں آپ کو ایک اون سے بنے ہوئے ہیرو کو کئی مراحل سے گزارنا ہوگا۔

'ڈسٹرکشن آل سٹارز' میں گیمرز کو طرح طرح کی گاڑیوں کے ساتھ ایک بڑے سے موت کے کنویں میں ڈال دیا جاتا ہے اور بظاہر اس گیم میں آپ کا مقصد اپنے حریف کو نت نئے طریقوں سے ہرانا ہوگا۔

’گھوسٹ وائر: ٹوکیو‘ جاپان کے دارالحکومت کا ایک بھیانک منظر پیش کرتی ہے جہاں بھوت اور ایسی کئی طلسماتی مخلوق انسانوں پر غالب آ چکی ہیں۔

مشہور گیم سیریز 'ہٹ مین' کی تیسری قسط میں ایجنٹ 47 کی واپسی ہو رہی ہے اور اس بار وہ دبئی میں دنیا کی سب سے لمبی عمارت میں اپنے شکار کے تعاقب میں ہیں۔

دو کرائے کے قاتلوں کی لڑائی پر مبنی گیم 'ڈیتھ لوپ' جس میں آپ جب بھی مرتے ہیں تو گیم ایک نئے انداز میں شروع ہوتی ہے اور کچھ بھی ویسا نہیں ہوتا جیسا پچھلی بار ہوا تھا۔

ریچٹ اینڈ کلینک کی نئی گیم کا نام 'رفٹ اپارٹ' ہوگا۔

کار ریسنگ سیریز گرین ٹورزمو کی ساتویں قسط۔

مہم جوئی پر مبنی مشہور سیریز ’فائنل فینٹاسی‘ بنانے والوں کی نئی گیم، 'پراجیکٹ ایتھیا'۔

سائنس فکشن پر مبنی دنیا میں ایک آوارہ بلی کی کہانی، 'سٹرے'۔

ڈراؤنی فلموں اور ہارر کے شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ ریزیڈنٹ ایول سیریز کی آٹھویں قسط 'ولیج'، یعنی گاؤں، بھی جلد آ رہی ہے۔

'ہورائزن: فوربڈن ویسٹ' میں مستقبل کا امریکہ دکھایا گیا ہے جہاں دیو ہیکل مشینوں نے دنیا پر قبضہ کر لیا ہے۔

اگرچہ ہمیں اس نئے کونسول کی تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں اس وقت کم ہی معلوم ہے تاہم سونی نے اپنے لائیو سٹریم میں یہ بتایا ہے کہ اس میں چند نئی خصوصیات ہوں گی، جیسے کہ:

  • فور کے بلو رے پلیئر اور الٹرا ایچ ڈی ویڈیو
  • تھری ڈی آڈیو
  • کنٹرولر میں موشن سنسر اور ہیپٹک فیڈبیک